آپ کا کبھی پاؤں کسی فرنیچر کے ساتھ لگا ہے؟ پاؤں کی سب سے چھوٹی انگلی کا تخ سے دکھ جانا… وہ درد کے ساتھ ساتھ انسان کو طیش بھی دلاتا ہے۔ خود پر غصہ آتا ہے کہ دیکھ کر نہیں چل سکی، اور میں تو فرنیچر کو بھی کوس دیا کرتی تھی کہ وہ یہاں پڑا کیوں ہے؟
ہماری پوری زندگی بھی تو کچھ ایسی ہی ہے۔ جب بھی کوئی تکلیف، کوئی مشکل (عسر) اچانک سے ہماری زندگی کے راستے میں آ کر ہمارے وجود سے ٹکراتی ہے، تو ہمارا پہلا ردِ عمل طیش، غصہ اور شکوہ ہی ہوتا ہے۔ ہم حالات کو کوستے ہیں، خود کو ملامت کرتے ہیں، اور اس بند گلی میں کھڑے ہو کر چیخنے لگتے ہیں کہ یہ ہمارے ہی ساتھ کیوں ہوا؟
مگر کیا کبھی ہم نے ٹھہر کر سوچا ہے کہ اس درد، اس چوٹ اور اس تنگی کو دیکھنے کا زاویہ بدل جائے تو کیا ہوگا؟

میری ایک سہیلی ہیں (میرے اللہ ان کی زندگی کو آسانیوں اور خوبصورتیوں سے بھر دیں۔ آمین ثم آمین ) وہ کہتی ہیں:
“Change one thought process and your whole life will be changed.”

(سوچ کا صرف ایک زاویہ بدلیے، اور آپ کی ساری زندگی بدل جائے گی۔)

سوچیں کہ زندگی کی اس چھوٹی سی چوٹ میں بھی غصہ اور ضطراب کے علاوہ کوئی اور رد عمل ہو سکتا ہے؟

غصہ کرنے اور کوسنے کے علاوہ… اگر اس لمحے پاؤں کی اس چھوٹی انگلی کے درد کو سہتے ہوئے ہم اپنا زاویۂ نگاہ بدل لیں، تو وہ تکلیف محض ایک حادثہ نہیں رہتی بلکہ بیداری کا ایک لمحہ بن جاتی ہے۔ یہ چھوٹی چھوٹی چوٹیں، یہ گھر کے کونے میں رکھا وہ فرنیچر، یہ روزمرہ کی بے شمار جھنجھلاہٹیں، کیا یہ سب محض اتفاق ہیں؟
میرا ماننا ہے کہ یہ چھوٹے چھوٹے حادثے اور مشکلات دراصل اس بڑی ٹریننگ اور تیاری کا حصہ ہیں جو آنے والے بڑے چیلنجز کے لیے ہماری روح کو مضبوط بناتی ہیں۔
اگر ہم زندگی کی ان روزمرہ کی چھوٹی مشکلات میں ہی اپنا توازن کھو بیٹھیں، ہر بات پر واویلا کریں اور شکوے کے بند دروازے پر سر پٹختے رہیں، تو جب زندگی کسی بڑے امتحان یا گہرے “عسر” کے ساتھ ہمارے سامنے آئے گی، تو ہم تو پہلے ہی ٹوٹ چکے ہوں گے۔ ہمارے پاس تو وہ زاویہ نگاہ ہی نہیں، وہ عینک ہی موجود نہیں جس کے شیشے سے صاف نظر آتا ہو۔ لیکن اگر ہم ان چھوٹی چھوٹی ٹھوکروں ہی میں ایک مثبت زاویۂ نظر اور فکر تلاش کرنا سیکھ لیں،اگر ہم یہ جان لیں کہ ہر چوٹ ہمیں ہوشیار کرنے اور سنبھل کر چلنے کا قرینہ سکھانے آ رہی ہے تو یہ ناممکن ہے کہ زندگی میں کبھی کوئی بڑا مسئلہ آئے اور ہمیں اس کا Perspective (زاویۂ نگاہ) نہ ملے۔
اور وہ زاویہ نگاہ وہ perspective آپ کو قرآن دیتا ہے

فَإِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا ۙ إِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا
“پس یقیناً تنگی کے ساتھ آسانی ہے، بلاشبہ تنگی کے ساتھ آسانی ہے۔”
— (سورۃ الشرح: ۵-۶)
اس روئے زمین پر تاریخ انسانی نے انسان کے کچھ ایسی حادثات بھی دیکھے ہیں کہ جب آپ کو ان کا علم ہوتا ہے آپ کی عقل دنگ رہ جاتی ہے اور آپ سوچتے ہیں کہ ایسا کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟ ان ہی حادثات میں ایک بہت بڑا حادثہ ہوا یوسف علیہ سلام کا یعقوب علیہ سلام سے جدا ہو جانا۔ پر صرف جدا بھی نہیں ہوئے، کنویں میں بھی پھینکے گئے، غلاموں کی منڈی میں بیچے گئے، قید کی صعوبتیں برداشت کیں اور اس کے بھی کئ سالوں کے بعد تخت و تاج تک پہنچے۔میرا مقصد آپ کو یہ بتانا نہیں ہے کہ حضرت یوسف علیہ سلام کا ذاویہ نگاہ کیا ہوگا؟ آپ یہ سوچیں کہ قصہ یوسف سے آپ اپنے لئے کیا زاویہ نکالتے ہیں؟ کیوں کہ عین ممکن ہے کہ قصہ یوسف علیہ سلام کا کچھ حصہ آپ کی اور میری زندگی میں بھی موجود ہو۔
اللہ کی نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت ہے کہ قرآن کے قصص الانبیاء کے نتایج ہمارے پاس موجود ہیں۔ یوسف علیہ سلام کو تخت مل گیا، موسیٰ علیہ سلام کے لئے دریا پھٹ گیا، مریم علیہ سلام کی پاک دامنی ثابت ہو گئی اور عیسیٰ علیہ سلام کو زندہ اٹھا لیا گیا۔
مگر آپ کے اور میرے نتائج میں فرق کی وجہ یہ نہیں کہ وہ نبی یا خاندان نبی میں سے تھے۔ بلکہ فرق یہ ہے کہ ان کا زاویہ نگاہ مشکل میں آسانی تلاش کرنے پر تھا۔ وہ جس لینس سے زندگی کو دیکھتے تھے ان کا فوکس عسر سے زیادہ اس کے ساتھ موجود یسر کی تلاش میں تھا۔ ہمارا مسلہ یہ ہے کہ ہم عسر پہ عسر تلاش کرتے ہیں، اور یہ تو اللہ کا قانون ہی نہیں ہے۔ عسر کے ساتھ عسر آ ہی نہیں سکتا اس کا جڑواں تو یسر ہے۔ زندگی کی سب سے امیزنگ بات یہ ہی ہے کہ جب تک آپ عسر کے ساتھ یسر نہیں دیکھ لیتے آپ وہ امتحان بار بار دیں گے اتنی مرتبہ دیں گے کہ وہ مجبور کر دے گی آپ کو اپنی مشکل میں آسانی تلاش کرنے پر اس لئے کیونکہ وہ آسانی آپ کے نصیب میں تھی۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ پہلی ٹھوکر پر اس ٹھوکر کو چھوڑ کر اس کے ساتھ آئی آسانی ڈھونڈ کر فرسٹ اٹیمپٹ میں ٹیسٹ پاس کرتے ہیں یا پھر دسویں مرتبہ پاس کرتے ہیں۔
یہ بات یاد رکھیے گا کہ کہانی کا اصل نتیجہ اور رب کا لکھا ہوا فیصلہ کبھی نہیں بدلتا؛ آپ کا یسر، آپ کا رزق اور آپ کا مقدر اپنے مقررہ وقت پر آپ کو مل کر ہی رہے گا۔ مگر فرق صرف اتنا ہے کہ اگر ہمارا زاویۂ نگاہ مثبت نہ ہو، تو ہم تنگی میں گھِرے رہ کر اپنے اردگرد پہلے سے موجود ‘یسر’ اور رب کی نعمتوں کے ادراک سے محروم رہتے ہیں۔ وہ آسانی جو عین اسی تنگی کے ساتھ (مَعَ) جڑی ہوئی تھی، اس کا احساس اور شکر ہمیں بہت دیر سے معلوم ہوتا ہے۔ یہ آیت صرف ایک گائیڈ لائن نہیں ہے

فَإِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا ۙ إِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا
“پس یقیناً تنگی کے ساتھ آسانی ہے، بلاشبہ تنگی کے ساتھ آسانی ہے۔”

یہ آیت زندگی سے اپنے مطلب کے نتائج نکالنے کا ہنر سکھاتی ہے۔ مشکل پر فوکس نہیں کرنا اس آسانی پر فوکس کرنا ہے جو اس مشکل کے ساتھ آئی ہے بس بات صرف اتنی سی ہے۔

Change one thought process and your whole life will be changed.
یاد رکھیے گا کہ کنویں کے اندھیرے اور مصر کے تخت کے درمیان جتنا بھی فاصلہ ہو، رب اپنے بندے کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑتا۔

زرمینہ زرین-

5
0

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *